دہرادون، 12؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اتراکھنڈ ریاستی کانگریس نے آج وزیر اعلی ہریش راوت کو 21؍اور 22؍جولائی کوریاستی اسمبلی کے ہونے والے خصوصی سیشن کے فورا بعد اپنی کابینہ میں توسیع کرنے کا مشورہ دیا۔ریاستی کانگریس کے صدر کشور اپادھیائے نے یہاں میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ کافی عرصے سے ریاستی کابینہ میں خالی چل رہے دو عہدوں کو بھرنے کے لیے اسمبلی کے دو روزہ خصوصی اجلاس کے بعد 23؍جولائی کی تاریخ مناسب ہے۔تاہم، حکومت سے وابستہ معتبر ذرائع نے دعوی کیا کہ راوت کابینہ کی توسیع کے حق میں نہیں ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال فروری میں سابق سماجی بہبود کے وزیر سریندر راکیش کی موت سے راوت کابینہ میں ایک عہدہ خالی ہو گیا تھا جبکہ اس سال مارچ میں 9 دیگر کانگریسی ممبران اسمبلی کے ساتھ سابق وزیر زراعت ہرک سنگھ راوت کے حکومت سے بغاوت کرنے کی وجہ سے کابینہ میں ایک اور جگہ خالی ہو گئی ۔ان دونوں عہدوں کو بھرنے کو لے کر حکمراں کانگریس کے ممبران اسمبلی اور تنظیم دونوں کا وزیر اعلی پر دباؤ بڑھ رہا ہے جو اگلے سال کی شروعات میں ہونے والے ریاستی انتخابات کے پیش نظر اس عمل کو مزید نہ ٹالے جانے کے حق میں ہیں ۔اس موضوع پر ریاستی صدر اپادھیائے نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے عمل کو جلد سے جلد عمل میں لایا جائے جس سے ممبران اسمبلی کے ساتھ ہی کارکنوں میں بھی جوش بنا رہے۔سابق مرکزی وزیر مملکت برہم دت کے بیٹے اور وکاس نگر سے رکن اسمبلی نوپربھات اور بدری ناتھ کے ممبر اسمبلی راجندر سنگھ بھنڈاری وزیر بننے کی دوڑ میں سب سے آگے بتائے جا رہے ہیں۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پارٹی ہائی کمان کی جانب سے بھی ان دونوں کو ریاستی کابینہ میں شامل کئے جانے کی منظوری مل گئی ہے۔اسمبلی سیشن سے پہلے ہی کابینہ توسیع کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا،تاہم، سیشن سے پہلے وزیرکے عہدوں کو بھرے جانے سے اس دوڑ میں پیچھے چھوٹنے والے اراکین اسمبلی کی ناراضگی کا خطرہ وزیر اعلی راوت نہیں لینا چاہتے ہیں ۔سابق وزیر اعلی وجے بہوگنا سمیت کل 10ممبران اسمبلی کے باغیانہ تیوروں کی وجہ سے پہلے ہی کافی مشکلات جھیل چکے راوت اب کوئی اور خطرہ نہیں اٹھانا چاہتے۔ریاست میں صدر راج نافذ ہونے کی وجہ سے ڈیڑھ مہینہ تک اقتدار سے بے دخل رہے راوت کی حکومت سپریم کورٹ کے حکم پر ہی بحال ہو پائی تھی۔فی الحال ریاستی کابینہ میں وزیر اعلی راوت کو چھوڑکر 9 وزیر ہیں اور سبھی کو کابینی وزیر کا درجہ ملا ہوا ہے۔